جماعت نمبر ۱ - سبق نمبر ۱

جماعت نمبر ۱ - سبق نمبر ۱ : روبوٹ کا تعارف

سبق کا منصوبہ گار : محمد بلال

اس سبق میں ہم سیکھیں گے :

ایم تھری ڈی گو (M3D GO ) روبوٹکس کٹ کے بنیادی اجزاء جیسے کہ سکرین، موٹر وگیرہ کیا ہیں۔ روبوٹ کے تعارف کے بعد کمپیوٹر پر موجود گیم پیڈ کا استعمال کرتے ہوئے اسکریچ (Scratch) میں روبوٹ کو کنٹرول کرنا سیکھیں۔ روبوٹ کی حرکتوں کے ساتھ تجربہ کر کے تجسس اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیتوں کو فروغ دیں گے۔ ان مشقوں کے ضریعے ہم روبوٹکس کٹ اور اسکریچ کے ماحول سے واقف ہوں گے۔


ضروری اشیاء :

۱۔ ایم تھری ڈی گو روبوٹکس کٹ (جس میں اس کے اٹیچمنٹس (Attachments)، اور ضروری تاریں شامل ہیں۔
۲۔ اسکریچ انسٹال شدہ لیپ ٹاپس۔
۳۔ طالب علموں کے لیے کاغذ اور پنسل تاکہ وہ اپنے مشاہدات اور خیالات نوٹ کر سکیں۔
۴۔ مارکر اور چھوٹی رکاوٹیں روبوٹ کی بھولبلییا کے لیے۔


بجوں کی آسانی کے لیے :

۱۔ پروجیکٹر پر اسکریچ (Scratch) چلا کر رکھیں تاکہ بچوں کو سمجھنے میں آسانی ہو ۔
۲۔ “M3D Go” گیم پیڈ (Gamepad) پروگرام کو اسکرین پر دکھایا جائے۔


اساتذہ کے وسائل :

اس سبق کا اسکریچ کوڈ : Grade 1 Session 1.sb3 (1.6 MB)


سبق شروع کرنے سے پہلے:

استاذہ کو اسکریچ میں بلاک کوڈنگ اور اس کے مختلف بلاکس کی اقسام سے واقف ہونا چاہیے۔ ان چیزوں کو سیکھنے کے لیے کوئی سے آن لائن وسائل کے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ - ہم یوٹیوب چینل “ShiftClickLearn” کی ویڈیوز تجویز کرتے ہیں۔


تعارف (10 منٹ) :

سبق کا آغاز دلچسپ اور آسان انداز میں کریں :

“آج ہم اپنے ذاتی روبوٹ سے ملاقات کرنے جا رہے ہیں! کیا آپ نے پہلے کبھی کسی روبوٹ کو دیکھا ہے؟ شاید کسی فلم میں یا اپنے کارٹون میں؟ یا پھر شاید کسی کے گھر میں بھی ہو۔ کیا آپ نے کوئی کھلونا دیکھا ہے جو خود حرکت کر سکتا ہے؟ یا شاید آپ نے وہ خود با خود چلنے والا ویکیوم کلینر دیکھا ہو جو خود فرش صاف کرتا ہے؟ یہ بھی روبوٹس ہیں!”

پھر ان سے پوچھیں

“روبوٹ کو خاص کیا بناتا ہے؟ ان میں اور مشینوں میں کیا فرق ہے؟ آپ کے خیال میں لوگ روبوٹس کیوں استعمال کرتے ہیں؟”

وضاحت کریں

“روبوٹ ایک خاص قسم کی مشین ہوتی ہے، لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ اسے عام مشینوں سے مختلف کیا بناتا ہے؟ عام مشینیں، جیسے کہ ایک پنکھا یا بلب، صرف ایک مخصوص کام کرتی ہیں، لیکن روبوٹ نہ صرف مختلف کام کر
سکتے ہیں بلکہ یہ خود فیصلے بھی لے سکتے ہیں!"

روبوٹس بہت سے کام کر سکتے ہیں! کچھ روبوٹس صفائی میں مدد دیتے ہیں، کچھ چیزیں بنانے میں، اور کچھ سامان ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے میں۔ آج ہم اپنے روبوٹ کے ساتھ کھیلیں گے اور آپ چلانے کا بریقہ سیکھیں گے!”

اپنے ہاتھوں سے تجربہ (10 منٹ) :

طلبہ کو روبوٹ کا تعارف کروائیں اور اس کے مختلف حصوں کی شناخت کرنے کی ترغیب دیں:

  • موٹرز: “یہ روبوٹ کو حرکت دیتے ہیں، جیسے گاڑیوں کے انجن کام کرتے ہیں۔”
  • پہیے: “پہیے روبوٹ کو گھومنے اور چلنے میں مدد دیتے ہیں، جیسے کےہر سواری میں ہوتے ہیں۔”
  • بیٹری: “بیٹری روبوٹ کو توانائی فراہم کرتی ہے، بالکل ویسے جیسے کھلونوں میں بیٹریاں لگتی ہیں۔”
  • اٹیچمنٹس: “یہ روبوٹ مختلف ٹولز استعمال کر سکتا ہے، جیسے چیزوں کو اٹھانا یا دھکیلنا۔”

طلبہ کو روبوٹ کو قریب سے دیکھنے اور اس کے کام کرنے کے طریقے کو سمجھنے کا موقع دیں۔


اسکریچ سے واقفیت

طلبہ کو چھوٹے گروہ کی شکل میں اکٹھا کریں اور اسکریچ ایپلیکیشن کھولنے اور روبوٹ کو آن کرنے کا طریقہ سکھائیں۔ پروجیکٹر پر اسکریچ کے تمام اجزا ایک ایک کر کے دکھائیں اور ان کا استعمال ایک ایک کر کے سمجھایئے تاکہ طلبہ اسے بہتر طریقے سے سمجھ سکیں۔

آپ کہہ سکتے ہیں

“یہ بالکل ویسا ہی ہے جیسے آپ ریموٹ والے کھلونوں کو چلاتے ہیں، بس فرق یہ ہے کہ اس بار آپکا ریموٹ لیپ ٹاپ اسکرین پر ہے! بائیں جانب مختلف رنگوں کے بلاکس ہیں جو روبوٹ کو ہدایات دیتے ہیں کہ جب آپ کوئی بٹن دبائیں تو روبوٹ کو کیا کرنا ہے۔”

طلبہ کو اسکرین پر موجود گیم پیڈ پر ماؤس لے جانے اور مختلف بٹنوں کو پہچاننے کی ترغیب دیں۔


اساتذہ کا کردار

طلبہ کی تجسس کو بڑھانے کے لیے سوالات کریں:

۱۔ “جب آپ فارورڈ بٹن دباتے ہیں تو روبوٹ کیا کرتا ہے؟”
۲۔ “ایک کلک میں روبوٹ کتنا حرکت کرتا ہے؟”
۳۔ “کیا آپ کو اس روبوٹ کی شکل کسی اور چیز جیسی لگتی ہے؟”

طلبہ کو یہ دریافت کرنے دیں کہ وہ روبوٹ کو کس طرح کنٹرول کر سکتے ہیں اور ان کے جوابات کو نوٹ کریں۔


آسان سرگرمیاں :

روبوٹ کو چلانا :

  • روبوٹ کو سیدھا آگے بڑھانے اور پیچھے لے جانے کی مشق کریں۔
  • طلبہ کو مختلف جگہوں پر روبوٹ کو لے جانے کے چیلنجز دیں۔

اساتذہ کی رہنمائی میں تجربات (20 منٹ) :

طلبہ کو آزادانہ طور پر روبوٹ کو چلانے دیں اور مختلف سرگرمیوں میں شامل کریں، جیسے کہ:

۱۔ کاغذ پر راستے بنانے اور روبوٹ کو ان راستوں پر چلانے کی کوشش کریں۔
۲۔ روبوٹ کی ریس کروائیں۔
۳۔ مختلف سطحوں جیسے کارپٹ، گھاس، اور چکنی سطحوں پر روبوٹ کو چلانے کی کوشش کریں۔

طلبہ کو تجربہ کرنے دیں اور مختلف حرکات اور کنٹرولز پر غور کرنے دیں۔


ایرو کیز (Arrow Keys) کا استعمال (5 منٹ) :

طلبہ کو ایرو کیز کے ذریعے روبوٹ کنٹرول کرنے کا موقع دیں۔

۱۔ کلاس میں مختلف اشیاء رکھ کر انہیں روبوٹ کے ذریعے گزارنے کا چیلنج دیں۔
۲۔ ایک چھوٹا راستہ یا بھول بھلیاں (Maze) بنائیں اور طلبہ کو روبوٹ وہاں سے گزارنے دیں۔

طلبہ کو ایرو کیز کے ذریعے روبوٹ کی سمت اور رفتار پر تجربات کرنے دیں۔


سبق پر گفتگتو (10 منٹ) :

طلبہ کو اپنے تجربات سب کو بتانے کے لیے کرنے اکٹھا کریں

    • “آپ نے روبوٹ کے ساتھ سب سے زیادہ مزہ کس چیز میں لیا؟”
    • “کیا آپ کو روبوٹ کو کنٹرول کرنے میں کوئی مشکل پیش آئی؟”
    • “آپ اگلے سبق میں روبوٹ کے بارے میں مزید کیا سیکھنا چاہیں گے؟”

روبوٹکس کی عملی دنیا میں اہمیت پر تبصرہ کریں اور طلبہ کے تجسس کو مزید بڑھائیں۔


اختتامیہ (5 منٹ) :

سبق کے خلاصے میں کہیں

“آج آپ سب نے روبوٹ کنٹرول کرنے کی اپنی پہلی کوشش کی! آپ نے روبوٹ کی حرکت کو سمجھا اور اس پر تجربات کیے۔ اگلی کلاس میں ہم اور بھی مزیدار چیزیں سیکھیں گے!”

طلبہ کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ اگلی کلاس میں روبوٹس کے بارے میں مزید سوالات لے کر آئیں۔


اصطلاحات

  • روبوٹ: ایک ایسی مشین جو مختلف کام انجام دینے کے لیے استعمال کی جاتی ہے، بعض اوقات انسانی کنٹرول یا کمپیوٹر پروگرام کے ذریعے۔
  • گیم پیڈ: ایک ایسا آلہ جو روبوٹ یا دیگر مشینوں کو کنٹرول کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
  • تجربہ: نئی چیزوں کو آزمانا تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ وہ کیسے کام کرتی ہیں۔